کراچی: کرنل شیر خان کے 27ویں یومِ شہادت کے موقع پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے نشانِ حیدر یافتہ قومی ہیرو کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانی پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک روشن اور سنہرا باب ہے۔
اپنے پیغام میں گورنر سندھ نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے معرکۂ کارگل میں بے مثال جرات، استقامت اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شجاعت کی نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے ایسے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ نشانِ حیدر حاصل کرنے والے اس عظیم سپاہی کی قربانی کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے شہدا ملک و قوم کا سرمایہ، ہمارے سر کا تاج اور قومی وقار کی علامت ہیں۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔

