تہران: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایرانی رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے تہران پہنچے، جہاں انہوں نے مرحوم رہنما کے جسدِ خاکی پر فاتحہ خوانی کی اور ایرانی قیادت سے اظہارِ تعزیت و یکجہتی کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پہلے تہران پہنچے، جہاں ایران کے وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف سرکاری وفد کے ہمراہ تہران پہنچے۔ وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، بلاول بھٹو زرداری، عطا تارڑ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، نیر بخاری اور دیگر وفاقی وزرا و ارکانِ پارلیمان شامل تھے۔
تہران آمد کے بعد پاکستانی وفد امام خمینی حسینیہ سینٹر پہنچا، جہاں آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی رکھا گیا تھا۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے فاتحہ خوانی کی اور نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم رہنما کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی دہائیوں تک بصیرت، حکمت اور دوراندیشی کے ساتھ ایرانی قوم کی رہنمائی کی۔ وزیراعظم نے ایرانی رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ایرانی عوام سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا، جبکہ مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
سینیٹ کے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ارکانِ پارلیمان اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی پاکستانی وفد کے ہمراہ نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اپنا دورۂ ایران مکمل کر کے سرکاری دورے پر ترکیہ کے شہر استنبول روانہ ہو گئے۔
دریں اثنا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ایران کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا۔
تقریب میں شرکت کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وطن واپس روانہ ہوئے۔ ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے تہران ایئرپورٹ پر انہیں الوداع کیا۔

