سندھ رینجرز: پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے سومار گوٹھ، اسٹیل ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث ملزم حضور بخش کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسٹیل ٹاؤن، بن قاسم ٹاؤن، شاہ لطیف ٹاؤن اور ملیر کے ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی، جیولری چھیننے اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
حکام کے مطابق ملزمان صبح کے اوقات میں کام پر جانے والے ملازمین کا تعاقب کرتے تھے اور موقع ملنے پر ان سے قیمتی سامان چھین لیتے تھے۔ رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم چھینے گئے موبائل فون ملیر کے رہائشی ضمیر نامی شخص کو فروخت کرتا تھا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم عادی مجرم ہے اور اس کے خلاف تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق وہ اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
رینجرز نے بتایا کہ ملزم کے دیگر مبینہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پاکستان رینجرز (سندھ) نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر سے متعلق معلومات فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر فراہم کریں۔ ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والے افراد کی شناخت صیغۂ راز میں رکھی جائے گی۔

