Site icon Tashakur News

مسئلۂ کشمیر: شرجیل انعام میمن اور رانا محمد قاسم نون کا تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

مسئلۂ کشمیر: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون سے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال، مسئلۂ کشمیر، قومی یکجہتی اور باہمی تعاون سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر ہونے والے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسئلۂ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر اور سندھ حکومت کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون نے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کی جانب سے مسئلۂ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کشمیر جیسے قومی مفاد کے معاملات پر تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور مؤثر ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلۂ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون اور پوری قوم کا متفقہ قومی مؤقف ہے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ سندھ حکومت مسئلۂ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرتی رہے گی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی مظالم کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

ملاقات کے اختتام پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون کو سندھ کی ثقافتی روایات کی علامت اجرک اور سندھی لنگی کا تحفہ پیش کیا۔

Exit mobile version