وفاق المدارس عربیہ پاکستان کے مشترکہ انتخابی اجلاس میں معروف مذہبی اسکالر مفتی محمد تقی عثمانی کو دوسری مرتبہ بلا مقابلہ صدر منتخب کر لیا گیا، جبکہ مولانا محمد حنیف جالندھری مسلسل ساتویں بار بلا مقابلہ ناظمِ اعلیٰ منتخب ہوئے۔
جامعہ دارالعلوم کراچی میں منعقدہ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق صدر کے عہدے کے لیے مفتی محمد تقی عثمانی کا نام سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے پیش کیا، جبکہ ناظمِ اعلیٰ کے لیے مولانا محمد حنیف جالندھری کا نام بھی مولانا فضل الرحمان نے تجویز کیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملک بھر سے شریک ایک ہزار سے زائد ارکان نے اتفاقِ رائے سے دونوں رہنماؤں پر اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں بلا مقابلہ منتخب کیا۔
تھانہ گلشنِ معمار: پولیس نے رکشہ چھیننے والے ڈکیت گینگ کے 4 ملزمان گرفتار کر لیے
وفاق المدارس کے مطابق مفتی محمد تقی عثمانی اور مولانا محمد حنیف جالندھری آئندہ پانچ برس تک ادارے کی قیادت کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نئی قیادت مدارس کے اتحاد، دینی تعلیم کے فروغ اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب تحریکیں ہمیشہ اصول، واضح حکمتِ عملی اور مضبوط پالیسی کی بنیاد پر آگے بڑھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے کو احترام، دلیل اور مکالمے کے دائرے میں رہنا چاہیے تاکہ اداروں میں اتحاد اور مثبت ماحول برقرار رہے۔

