Site icon Tashakur News

سٹی پولیس: کراچی کے ساؤتھ زون میں 24 گھنٹوں کے دوران 9 ملزمان گرفتار، اسلحہ، منشیات اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد

سٹی پولیس کراچی کے ساؤتھ زون نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف ٹارگٹڈ کارروائیوں میں 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں 3 اسٹریٹ کریمنلز، 5 منشیات فروش اور 1 گٹکا و ماوا سپلائر شامل ہیں۔

ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 پستول بمعہ راؤنڈ، ایک چوری شدہ موٹر سائیکل، آئس، افیون، چرس، گٹکا، ماوا اور شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان کو بغدادی، چاکیواڑہ، نیپئر اور رسالہ تھانوں کی حدود میں مختلف کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت محمد یونس، بلال، ابراہیم عرف لمبا، مسمات نصرین، شکیل احمد، سلیمان حسین، علی محمد، بلال اور عتیق کے ناموں سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی موٹر سائیکل، جس کا رجسٹریشن نمبر KGX-7894 ہے، چوری شدہ ہے اور اس سے متعلق مقدمہ تھانہ نیپئر میں پہلے سے درج ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ ملزم بلال اس سے قبل ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ، موٹر سائیکل لفٹنگ اور منشیات فروشی سمیت 6 مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

اسی طرح ملزم ابراہیم عرف لمبا ماضی میں ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ اور موٹر سائیکل لفٹنگ کے 4 مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، جبکہ ملزم محمد یونس بھی ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ اور منشیات فروشی کے 4 مقدمات میں گرفتار ہو کر سزا بھگت چکا ہے۔ ایک اور ملزم بلال بھی غیر قانونی اسلحہ اور موٹر سائیکل لفٹنگ کے مقدمات میں پہلے گرفتار ہو چکا ہے۔

پولیس کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے انہیں تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

Exit mobile version