Site icon Tashakur News

سی پی ایل سی: گورنر سندھ نہال ہاشمی کا مرکزی دفتر کا دورہ، نوجوانوں کو ادارے کی مہارت سے فائدہ پہنچانے پر زور

سی پی ایل سی کے مرکزی دفتر کے دورے کے موقع پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سیٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کو وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ مؤثر اشتراکِ عمل قائم کرنا چاہیے تاکہ نوجوان ادارے کے وسیع تجربے، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔

کراچی میں سی پی ایل سی کے مرکزی دفتر کے دورے کے دوران گورنر سندھ کو ادارے کی مختلف شعبوں میں خدمات، جدید نظامِ کار اور عوامی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیف سی پی ایل سی زبیر حبیب بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو آگے لانا، انہیں بااختیار بنانا اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور عوامی خدمت کے شعبوں میں سی پی ایل سی کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال، منظم نظام اور پیشہ ورانہ اندازِ کار نے سی پی ایل سی کو ایک مثالی ادارے کی حیثیت دی ہے۔

سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ عوامی خدمت انجام دینے والے اداروں کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو بروقت، مؤثر اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس موقع پر چیف سی پی ایل سی زبیر حبیب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارے کے پاس چوری شدہ اور برآمد ہونے والی گاڑیوں کا ملک کا سب سے بڑا ڈیٹا بیس موجود ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کے لیے اہم سہولت فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سی پی ایل سی کا کال سینٹر روزانہ سات سے آٹھ ہزار کالیں وصول کرتا ہے، جہاں شہری گاڑیوں، موبائل فونز اور دیگر عوامی مسائل سے متعلق معاونت حاصل کرتے ہیں۔

زبیر حبیب کے مطابق سی پی ایل سی اپنے "شناخت پروگرام” کے ذریعے لاوارث لاشوں کی شناخت میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ ادارے کے دفاتر کراچی کے تمام اضلاع کے علاوہ حیدرآباد، جامشورو، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص میں بھی قائم ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سکھر میں سی پی ایل سی کا ڈیسک فعال ہے اور جلد لاڑکانہ میں بھی نیا ڈیسک قائم کیا جائے گا۔

Exit mobile version