پی آئی اے نے لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ افتتاحی پرواز PK-709 جمعرات کو لاہور سے مانچسٹر کے لیے روانہ ہوئی۔ اس پرواز میں 325 مسافروں نے سفر کیا۔
افتتاح کے موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر ایک سادہ مگر باوقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے دوران کیک بھی کاٹا گیا۔ پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے مسافروں کو رخصت کیا۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق مانچسٹر سے لاہور آنے والی پہلی براہ راست پرواز گزشتہ رات روانہ ہوئی تھی۔ مانچسٹر ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی مقامی انتظامیہ اور مانچسٹر ایئرپورٹ گروپ کے حکام نے پرواز کو الوداع کیا۔
مسافروں نے لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کی بحالی کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو نمایاں سہولت ملے گی۔
ترجمان کے مطابق نئی سروس پی آئی اے کے بین الاقوامی نیٹ ورک میں ایک اہم اضافہ ہے۔ ایئرلائن اب پاکستان اور مانچسٹر کے درمیان ہفتہ وار پانچ پروازیں چلائے گی۔
ان پروازوں میں چار ہفتہ وار پروازیں اسلام آباد سے جبکہ ایک پرواز لاہور سے آپریٹ کی جائے گی۔ پی آئی اے کو توقع ہے کہ اس توسیع سے دونوں ممالک کے درمیان سفری روابط مزید مضبوط ہوں گے اور مسافروں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔

