Site icon Tashakur News

افغان باشندے: کراچی کے ضلع سینٹرل میں کارروائیاں، غیر قانونی طور پر مقیم آٹھ افغان شہری گرفتار

کراچی: افغان باشندے کے خلاف جاری مہم کے دوران ضلع سینٹرل پولیس نے مختلف کارروائیوں میں غیر قانونی طور پر مقیم آٹھ افغان شہریوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد مطلوبہ قانونی دستاویزات یا رجسٹریشن سے متعلق ریکارڈ پیش نہیں کر سکے۔

ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایت پر غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ سپر مارکیٹ اور تھانہ سمن آباد پولیس نے الگ الگ کارروائیاں کیں۔

پولیس کے مطابق تھانہ سپر مارکیٹ کی حدود میں کارروائی کے دوران دو افغان شہری، سیف اللہ ولد آغا جان اور رحیم ولد محمد شاہ، کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد پاکستان میں قانونی قیام سے متعلق مطلوبہ دستاویزات پیش نہیں کر سکے، جس کے بعد انہیں ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے پر مزید قانونی کارروائی کے لیے امین ہاؤس، سائٹ منتقل کر دیا گیا۔

اسی طرح تھانہ سمن آباد پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے چھ افغان شہریوں، جمعہ خان، محمد خان، خان گل، نور محمد، عبداللہ خان اور نجیب اللہ کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق یہ افراد کچرا چننے کا کام کر رہے تھے اور دورانِ تفتیش پاکستان میں قانونی قیام سے متعلق کوئی دستاویز یا رجسٹریشن کارڈ پیش نہیں کر سکے۔

پولیس نے بتایا کہ تمام گرفتار افراد کو قانونی کارروائی کے لیے امین ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

Exit mobile version