Site icon Tashakur News

کراچی پولیس: ایڈیشنل آئی جی آزاد خان سے سرجانی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات

کراچی: کراچی پولیس کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آزاد خان سے سرجانی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چار رکنی وفد نے کراچی پولیس آفس میں ملاقات کی، جہاں شہر میں امن و امان، تاجروں کو درپیش مسائل اور پولیس و کاروباری برادری کے درمیان تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق وفد کی قیادت سرجانی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر دانش ملک نے کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے تاجروں کو درپیش سیکیورٹی اور دیگر امور سے متعلق اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے وفد کو یقین دلایا کہ کراچی پولیس تاجروں کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں محفوظ کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور کاروباری برادری کے درمیان مؤثر رابطہ شہر میں امن و امان کے استحکام اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

وفد نے شہر میں امن و امان کی بہتری اور جرائم کے خلاف کراچی پولیس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری پولیس کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

Exit mobile version