Site icon Tashakur News

اسلحہ نمائش: کراچی کے ضلع ساؤتھ میں 10 سے زائد سیکیورٹی گارڈز گرفتار

کراچی: اسلحہ نمائش کے خلاف جاری مہم کے تحت کراچی پولیس نے ضلع ساؤتھ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 10 سے زائد سیکیورٹی گارڈز کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد سرِعام اسلحہ کی نمائش کر رہے تھے، جس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کی ہدایات پر جنرل ہولڈ اَپ کے دوران کی گئیں۔ ضلع بھر میں اسلحہ کی غیر قانونی اور سرِعام نمائش کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے اور قانون کی عملداری یقینی بنائی جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران مختلف مقامات سے 10 سے زائد سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ ضابطے کے مطابق پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے ہیں، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں تھانہ ساحل، ڈیفنس، صدر اور درخشاں کی حدود میں کی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

Exit mobile version