کراچی: گلستانِ جوہر فلائی اوور کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر کی موٹر سائیکل سے ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی، جس کے باعث راشد منہاس روڈ پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں دونوں سوار سڑک پر گر گئے۔ حادثے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، جبکہ دوسرا شخص زخمی ہوگیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاش اور زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔
چھیپا کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت محمد اکرم، عمر 22 سال، جبکہ زخمی کی شناخت عبدالشکور، عمر 30 سال، کے نام سے ہوئی ہے۔
حادثے کے بعد موقع پر موجود مشتعل افراد نے احتجاج کرتے ہوئے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی۔ آگ بھڑکنے کے باعث راشد منہاس روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، مشتعل افراد کو منتشر کیا اور واٹر ٹینکر کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔

