Tashakur News

کمیونٹی پولیسنگ: ایڈیشنل آئی جی کراچی نے جرائم کی روک تھام میں عوامی تعاون کو ناگزیر قرار دے دیا

کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا ہے کہ جرائم کی مؤثر روک تھام صرف پولیس کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کے لیے عوام، تعلیمی اداروں، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کا فعال تعاون بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اعتماد اور کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ سے ہی جرائم پر مؤثر قابو پایا جا سکتا ہے۔

وہ بوٹ بیسن میں چیف سی پی ایل سی ضلع کورنگی اختر یونس کی دعوت پر منعقدہ جرائم کی روک تھام سے متعلق ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار میں چیف سی پی ایل سی زبیر حبیب، چیف سی پی ایل سی ضلع کورنگی اختر یونس، تیمور صدیقی، دانش صدیقی اور دیگر عہدیداروں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کا استقبال کیا۔

تقریب میں میئر کراچی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے جرائم کی روک تھام، کمیونٹی پولیسنگ، عوامی تعاون اور شہریوں میں حفاظتی شعور کے فروغ سے متعلق مختلف تجاویز اور آراء کا تبادلہ کیا۔

اپنے خطاب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا کہ کراچی پولیس اسٹریٹ کرائم، منشیات اور دیگر جرائم کے خاتمے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے والدین، تعلیمی اداروں، کاروباری برادری اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ جرائم کی روک تھام اور نوجوانوں میں مثبت رویوں کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

انہوں نے سی پی ایل سی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی شمولیت، آگاہی مہمات اور اداروں کے درمیان مؤثر تعاون سے شہریوں کے تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے اور جرائم کی شرح میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر چیف سی پی ایل سی اور ان کی ٹیم نے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

Exit mobile version