Site icon Tashakur News

وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل: عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری

کراچی: وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل میں عوامی شکایات کی سماعت کے دوران ترجمان سندھ حکومت تحسین عابدی نے مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی درخواستوں، شکایات اور تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو شہریوں کے مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

تحسین عابدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل عوامی خدمت، بروقت داد رسی اور مؤثر طرزِ حکمرانی کا ایک فعال پلیٹ فارم بن چکا ہے، جہاں شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات کے مطابق عوامی مسائل کے فوری ازالے کو حکومت کی اولین ترجیح بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے عوام دوست وژن اور سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفۂ خدمت کی روشنی میں شفافیت، جوابدہی، گڈ گورننس اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ اس بات پر مسلسل زور دیتے ہیں کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، سرکاری اداروں کو عوام کے سامنے جوابدہ بنایا جائے اور ہر شکایت پر بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل اسی وژن کے تحت عوام اور حکومت کے درمیان مؤثر رابطے کا کردار ادا کر رہا ہے۔

تحسین عابدی نے بتایا کہ صحت، تعلیم، بلدیاتی خدمات، صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب، پینے کے پانی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق موصول ہونے والی شکایات فوری طور پر متعلقہ محکموں کو بھجوائی جاتی ہیں تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خدمتِ خلق، میرٹ، شفافیت اور عوامی اعتماد کے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ عوامی شکایات کے ازالے میں غفلت یا غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہریوں کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔

آخر میں تحسین عابدی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز کے اندراج کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل سے رابطہ کریں تاکہ عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور شفاف و جوابدہ طرزِ حکمرانی کو فروغ ملے۔

Exit mobile version