Tashakur News

کیش وین ڈکیتی: 30 کروڑ روپے کی واردات ٹریس کرنے والی پولیس ٹیم کو اعزازات سے نواز دیا گیا

کراچی میں کیش وین ڈکیتی کی 30 کروڑ روپے کی بڑی واردات کو مختصر وقت میں ٹریس کرنے اور مرکزی ملزم کو گرفتار کرکے 20 کروڑ روپے برآمد کرنے والی سندھ پولیس کی ٹیم کے اعزاز میں سینٹرل پولیس آفس کے ابراہیم ہال میں تقریب تقسیمِ اسناد منعقد ہوئی۔

تقریب میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر، ڈی آئی جی ویسٹ، اے آئی جی آپریشن، ایس ایس میڈیا اینڈ پبلک ریلیشن سمیت پولیس کے دیگر افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ کیش وین ڈکیتی جیسے اہم مقدمے کو کم وقت میں حل کرنا کراچی پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت، مؤثر انٹیلی جنس اور مربوط ٹیم ورک کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20 کروڑ روپے کی برآمدگی پولیس کی منظم حکمت عملی، مسلسل محنت اور جدید تفتیشی طریقۂ کار کا نتیجہ ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ باقی ماندہ رقم کی جلد برآمدگی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور مفرور ملزمان و ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تحقیقات کو فرانزک، ڈیجیٹل اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ مقدمہ منطقی انجام تک پہنچ سکے۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ بڑی وارداتوں کے فوری سراغ اور مؤثر کارروائیوں سے عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مستحکم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی سندھ پولیس کی روایت ہے اور میرٹ کی بنیاد پر انعامات اور اعزازات دینے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے اس کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے تمام افسران اور اہلکاروں کو شاباش دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اسی رفتار، پیشہ ورانہ انداز اور مؤثر حکمت عملی کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے گی۔

تقریب کے اختتام پر آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ویسٹ، ایس ایس پی سینٹرل، ایس ڈی پی او گلبرگ، ناظم آباد اور شادمان، جبکہ ایس ایچ او جوہر آباد، ایف بی انڈسٹریل ایریا، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، گلبرگ، عزیز آباد، شاہراہ نور جہاں، یوسف پلازہ، نیو کراچی، سپر مارکیٹ اور دیگر افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے۔

Exit mobile version