مون سون بارشیں جولائی کے پہلے ہفتے میں ملک کے بیشتر علاقوں کو متاثر کر سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں، آندھی، گرج چمک، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔
مون سون سسٹم کب داخل ہوگا؟
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں پہلے ہی ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ 2 جولائی سے خلیج بنگال سے بھی مرطوب ہوائیں بالائی علاقوں کا رخ کریں گی۔
کن علاقوں میں بارش ہوگی؟
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ یکم سے 6 جولائی کے دوران کشمیر، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سندھ میں 3 اور 4 جولائی کو سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور ملحقہ اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں بھی یکم سے 4 جولائی کے دوران بارش ہو سکتی ہے۔
اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 2 سے 6 جولائی کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود رہے گا۔
اسی طرح یکم سے 4 جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

