Site icon Tashakur News

آرٹس کونسل: دو اساتذہ جرمنی کے اعلیٰ تربیتی پروگرام کے لیے منتخب

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے اعلان کیا ہے کہ اس کے اسکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس کے دو تدریسی اراکین، محسن علی اور عالم زیب خان، جرمنی میں ایک ماہ پر مشتمل اعلیٰ تربیتی پروگرام کے لیے منتخب ہو گئے ہیں۔

آرٹس کونسل کے مطابق دونوں اساتذہ کا انتخاب گوئٹے انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ یہ تربیتی پروگرام جرمنی کے معروف تھیٹر Münchner Kammerspiele میں منعقد ہوگا، جہاں انہیں عالمی معیار کے تھیٹر پروڈکشن سسٹمز اور جدید تکنیکی مہارتوں سے روشناس کرایا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق محسن علی ساؤنڈ ڈیزائن جبکہ عالم زیب خان لائٹنگ ڈیزائن کے شعبے میں خصوصی تربیت حاصل کریں گے۔ پروگرام کے دوران دونوں فنکار جدید پروڈکشن تکنیک، تخلیقی طریقۂ کار اور بین الاقوامی پیشہ ورانہ تجربات سے استفادہ کریں گے۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی ادارے کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت پیشہ ور افراد کی استعداد کار میں اضافہ، بین الاقوامی ثقافتی تعاون کو فروغ دینا اور پاکستان کے ثقافتی شعبے کو عالمی سطح پر مزید مضبوط بنانا مقصود ہے۔

ادارے نے محسن علی اور عالم زیب خان کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے کامیاب اور نتیجہ خیز تربیتی دورے کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ جرمنی کے شہر میونخ میں واقع Münchner Kammerspiele یورپ کے ممتاز تھیٹروں میں شمار ہوتا ہے، جو معاصر تھیٹر، فنی جدت اور اعلیٰ پروڈکشن معیار کے باعث عالمی سطح پر نمایاں مقام رکھتا ہے۔

Exit mobile version