Site icon Tashakur News

بلوچستان آپریشن: خاران اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 8 مبینہ دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

بلوچستان آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خاران اور مستونگ میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دو الگ کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ گروہ ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ سے تعلق رکھنے والے آٹھ مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 25 اور 26 جون کو بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں کی گئیں۔

ترجمان کے مطابق 25 جون کو ضلع خاران میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران تین مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 26 جون کو ضلع مستونگ میں ممکنہ خودکش بمبار کی موجودگی کی اطلاع پر ایک اور انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد خودکش بمبار سمیت پانچ مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) اور ان کے زیر استعمال موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید مبینہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشت گردی مہم جاری رکھیں گے۔

Exit mobile version