موٹروے پولیس اور ریسکیو 1122 نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا، تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مری: مری ایکسپریس وے پر راولپنڈی سے مری جانے والی ایک مسافر وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام 15 مسافروں کو بحفاظت وین سے نکال لیا، جس کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ریسکیو 1122 کے عملے کے ساتھ مل کر آگ بجھانے والے آلات کے ذریعے آگ پر قابو پایا۔
ترجمان نے بتایا کہ وین میں سوار تمام 15 مسافر محفوظ رہے اور بروقت امدادی کارروائی کے باعث ایک ممکنہ بڑا حادثہ ٹل گیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق موقع پر موجود شہریوں اور وین کے مسافروں نے پولیس کی تیز رفتار اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا، جبکہ کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے افسران کو آئی جی موٹروے پولیس نے شاباش دی۔
ترجمان نے تمام ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ سفر کے دوران اپنی گاڑی میں آگ بجھانے والے آلات ضرور رکھیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو اور کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔

