کراچی: یومِ عاشور کے موقع پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کراچی پہنچے، جہاں انہوں نے مرکزی جلوس کی گزرگاہ کا دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات، پولیس کی تعیناتی، داخلی و خارجی راستوں اور مجموعی حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ حکام نے وزیر داخلہ کو مرکزی جلوس کے سیکیورٹی پلان اور انتظامات پر بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ سندھ نے مرکزی جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سیکیورٹی انتظامات اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
ضیاء الحسن لنجار نے پولیس افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی، جذبۂ خدمت، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض کی انجام دہی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یومِ عاشور کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مرکزی جلوس کے اختتام تک سیکیورٹی، نگرانی اور ٹریفک مینجمنٹ کے تمام انتظامات مؤثر انداز میں برقرار رکھے جائیں اور کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

