کراچی: یومِ عاشور کے موقع پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کراچی میں سنٹرل پولیس آفس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہر بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل آئی جی کراچی، کراچی رینج کے افسران اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی موجود تھے۔ آئی جی سندھ نے وزیر داخلہ کو سی سی ٹی وی اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے جاری نگرانی، پولیس سرویلنس، مرکزی جلوسوں، مجالس، حساس مقامات اور مجموعی سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
آئی جی سندھ: جاوید عالم اوڈھو نے محرم سیکیورٹی پر سندھ پولیس کو شاباش دے دی
وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی کہ سیف سٹی اور پولیس سرویلنس نظام کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری، مؤثر اور مربوط ردعمل یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ ضلعی پولیس، اسپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں مسلسل رابطہ برقرار رکھیں تاکہ سیکیورٹی اقدامات مؤثر انداز میں نافذ رہیں۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ یومِ عاشور کے پرامن انعقاد کے لیے پولیس، رینجرز، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں، جلوس منتظمین اور شہریوں نے قابلِ تحسین تعاون کیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جلوسوں کے اختتام اور عزاداروں کی محفوظ واپسی تک تمام سیکیورٹی انتظامات مکمل طور پر فعال اور ہائی الرٹ رکھے جائیں۔
اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ سندھ پولیس کے تمام فیلڈ افسران اور اہلکار سیکیورٹی پلان پر مکمل ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں عمل درآمد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے صوبے بھر کے حساس مقامات، مرکزی جلوسوں اور مجالس کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی جاری ہے، جبکہ تمام متعلقہ یونٹس ایک دوسرے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ جلوسوں کے اختتام اور عزاداروں کی محفوظ واپسی تک سندھ پولیس ہائی الرٹ رہے گی اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔

