Tashakur News

محرم سیکیورٹی: ایڈیشنل آئی جی کراچی کا مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ، انتظامات کا تفصیلی جائزہ

کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے 8 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے جلوس کے راستوں، داخلی و خارجی پوائنٹس اور اطراف کے علاقوں میں کیے گئے حفاظتی اقدامات کا معائنہ کیا۔

نمائش چورنگی پر پولیس حکام نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو مرکزی جلوس کی سیکیورٹی، نفری کی تعیناتی اور مجموعی سیکیورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں مختلف حساس مقامات کی نگرانی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر آزاد خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ سیکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور تمام افسران و اہلکار فیلڈ میں موجود رہ کر اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

کراچی پولیس کے مطابق محرم الحرام کے جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے جامع اور مربوط سیکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام متعلقہ یونٹس مکمل طور پر متحرک ہیں۔

Exit mobile version