Tashakur News

ڈیجیٹلائزیشن: کے ایم سی کا راست کے ذریعے مکمل کیش لیس ادائیگی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

جولائی 2026 سے تمام وینڈرز اور ادائیگیاں براہِ راست بینک اکاؤنٹس میں منتقل ہوں گی، شفافیت اور مالی نظم بہتر بنانے کا دعویٰ

کراچی میں ڈیجیٹلائزیشن کے ویژن کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) نے راست نظام کے ذریعے مکمل ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کے بعد کے ایم سی پاکستان کا پہلا بلدیاتی ادارہ بن گیا ہے جو تمام ادائیگیاں ای ٹرانسفر کے ذریعے انجام دے گا۔

میئر کراچی کے مطابق نئے مالی سال جولائی 2026 سے تمام وینڈرز اور دیگر منظور شدہ ادائیگیاں براہِ راست بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام شفافیت، گڈ گورننس اور مالی نظم و ضبط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ راست کے ذریعے ادائیگیوں سے فنڈز مستحقین اور وینڈرز تک محفوظ، تیز رفتار اور حقیقی وقت میں منتقل ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ اقدام صرف ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن نہیں بلکہ بلدیاتی مالیاتی نظام میں ایک انقلابی تبدیلی ہے۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ نئے نظام کے نفاذ سے کاغذی کارروائی، دستی مراحل اور روایتی ادائیگیوں میں تاخیر کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے باعث شفافیت میں اضافہ، اخراجات میں کمی اور مالیاتی نگرانی مزید مؤثر ہو گی۔

کے ایم سی کو سندھ کے اکاؤنٹنٹ جنرل کے منظور شدہ ادائیگی نظام کے مطابق کیش لیس مالیاتی ماڈل اختیار کرنے والا پہلا بلدیاتی ادارہ قرار دیا گیا ہے۔ مالیاتی مشیر گلزار ابڑو نے منصوبے کی خصوصیات، نفاذی حکمتِ عملی اور ٹائم لائن پر تفصیلی بریفنگ دی۔

Exit mobile version