آئی جی سندھ نے 30 کروڑ روپے کی واردات ٹریس کرنے پر افسران کو شاباش، ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان
کراچی میں سندھ پولیس نے جوہر آباد تھانے کی حدود میں نجی سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین سے 30 کروڑ روپے کی بڑی ڈکیتی کے کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور 20 کروڑ روپے کی رقم برآمد کر لی گئی ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اس کارروائی پر ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ، ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان، ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ او جوہر آباد اور تفتیشی ٹیم کے تمام افسران و اہلکاروں کو شاباش دی۔
پولیس حکام کے مطابق ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت، مؤثر تفتیش اور فوری کارروائی کے ذریعے اس بڑی واردات کو مختصر وقت میں ٹریس کیا، جس سے سندھ پولیس کی ساکھ مزید مضبوط ہوئی۔
آئی جی سندھ نے ہدایت دی ہے کہ باقی مفرور ملزمان کی گرفتاری اور لوٹی گئی رقم کی مکمل برآمدگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیم اسی جذبے اور عزم کے ساتھ مزید کارروائی جاری رکھے۔
کارکردگی پر آئی جی سندھ نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کے لیے تعریفی اسناد اور پانچ لاکھ روپے نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔

