حج رجسٹریشن کے لیے عازمین کا آن لائن اندراج آج سے باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ وزارتِ مذہبی امور نے رجسٹریشن کا عمل اپنی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے کھول دیا ہے۔
وزارت کے مطابق خواہش مند افراد آن لائن رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں پاسپورٹ کا ہونا لازمی شرط نہیں رکھی گئی۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور نے کہا کہ حج بکنگ کے مرحلے پر پاسپورٹ لازمی ہوگا۔ پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 16 نومبر 2027 تک ہونی چاہیے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ صرف رجسٹرڈ افراد ہی حج 2027 کی بکنگ کے اہل ہوں گے۔ اس لیے تمام خواہش مند عازمین کو بروقت رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حج بکنگ ‘پہلے آئیں، پہلے پائیں’ کی بنیاد پر کی جائے گی۔ یہ عمل مقررہ کوٹہ مکمل ہونے تک جاری رہے گا۔
حکام کے مطابق حج پیکج کے حتمی اخراجات اور دیگر شرائط کا اعلان بعد میں حج پالیسی 2027 کے تحت کیا جائے گا۔
وزارتِ مذہبی امور نے عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رجسٹریشن کے لیے درست معلومات فراہم کریں تاکہ بعد میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

