کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے گٹکا، ماوا اور چھالیہ کی فروخت و ترسیل کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ممنوعہ اشیاء برآمد کر لیں۔
کراچی کے ضلع سینٹرل میں پولیس نے گٹکا، ماوا اور دیگر ممنوعہ اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ مختلف تھانوں کی کارروائیوں میں متعدد ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ بڑی مقدار میں گٹکا، ماوا، چھالیہ اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
سپر مارکیٹ پولیس نے کارروائی کے دوران جمشید عرف بلال مدنی کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 180 پڑیاں ماوا گٹکا، 20 کلوگرام چھالیہ، 20 کلوگرام پتی، 16 پیکٹ پاوڈر اور نقدی برآمد کی۔
پولیس کے مطابق ملزم کا سابقہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔ اس کے خلاف مختلف مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ نئے مقدمے کا اندراج گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت کر لیا گیا ہے۔
حیدری مارکیٹ پولیس نے حضرت حسین کو گرفتار کیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے 20 پڑیاں گٹکا ماوا اور نقدی برآمد کی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ اس کے کریمنل ریکارڈ کی جانچ جاری ہے۔
گلبہار پولیس نے سمیع اللہ کو گرفتار کیا۔ اس کے قبضے سے 30 پڑیاں گٹکا ماوا برآمد ہوئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ادھر لیاقت آباد پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا۔ گاڑی کا ڈرائیور فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے گاڑی قبضے میں لے لی۔
تلاشی کے دوران گاڑی سے 200 کلوگرام چھالیہ اور 300 پڑیاں ماوا برآمد ہوئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات سی آئی سی لیاقت آباد ڈویژن کے سپرد کر دی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ممنوعہ اشیاء کی فروخت اور ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

