Tashakur News

کراچی ضلع ساؤتھ میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے لیے ضلعی امن کمیٹی اجلاس، سیکیورٹی اقدامات پر غور

کراچی: ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے زیر اہتمام محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور کی زیر صدارت ہوا، جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور امن کمیٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد محرم الحرام کے دوران ضلع ساؤتھ میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا، مذہبی رواداری کو فروغ دینا اور بین المسالک ہم آہنگی کو مضبوط بنانا تھا۔

اس موقع پر ایس ایس پی مہزور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے لیے تمام مکاتب فکر کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق امن کے قیام میں علماء کرام کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

اجلاس میں شریک علماء اور امن کمیٹی کے اراکین نے یقین دہانی کرائی کہ وہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

اجلاس میں سیکیورٹی انتظامات، جلوسوں کے روٹس، مجالس کی حفاظت اور عوامی سہولیات سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ تمام فریقین نے بہتر رابطہ کاری اور تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔

اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام، قومی یکجہتی اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Exit mobile version