اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کو خطے میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ سفارتی عمل میں متوازن اور اصولی کردار ادا کیا، جس کا مقصد خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنا اور امن کے امکانات کو فروغ دینا تھا۔ ان کے مطابق جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں جبکہ پائیدار امن ہی ترقی اور خوشحالی کی واحد ضمانت ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بحران کے دوران ذمہ دارانہ کردار ادا کیا اور عالمی و علاقائی سطح پر اعتماد سازی کے لیے اہم اقدامات کیے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد معاہدہ اگر مکمل طور پر نافذ ہو تو یہ خطے میں دیرپا امن کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق اصل ہیرو وہ ہیں جو جنگوں کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرتے ہیں، نہ کہ وہ جو تنازعات کو بڑھاتے ہیں۔
انہوں نے قطر، سعودی عرب، ترکی، مصر، چین اور روس کی سفارتی کوششوں کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ تمام فریقین کو چاہیے کہ وہ مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ خطہ ترقی اور استحکام کی طرف بڑھ سکے۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، تعاون اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

