کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کمیونٹی پولیسنگ کراچی (سی پی کے) کے تعاون سے تھانہ گلشنِ معمار میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح کیا، جس میں مجموعی طور پر 105 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں ایس ایس پی ویسٹ، سی پی کے کے چیف مراد علی سونی، جوائنٹ چیف عقیق اقبال، سی ای او ایم ایچ ایس ایل ارشد خان، چیف سی پی کے گلشنِ معمار وقاص جعفری، اراکینِ اسمبلی، بلدیاتی نمائندگان، پولیس افسران، کاروباری شخصیات اور علاقے کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
چیف سی پی کے مراد علی سونی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کے 18 تھانوں میں پہلے ہی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم فعال کیے جا چکے ہیں جبکہ گلشنِ معمار 19واں تھانہ ہے جہاں یہ جدید نظام نصب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ کے دیگر تھانوں میں بھی مرحلہ وار کیمروں کی تنصیب جاری رہے گی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور کمیونٹی پولیسنگ کے اشتراک سے پولیسنگ کے نظام میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔ ان کے مطابق کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز جرائم کی روک تھام اور بروقت تفتیش میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح میں کمی دیکھی گئی ہے جبکہ ہائی پروفائل جرائم میں بھی واضح کمی آئی ہے۔ منشیات اور گٹکا ماوا کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے تدارک کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
نئے قائم کیے گئے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں 10 پی ٹی زیڈ ہائی زوم کیمرے، 27 اے این پی آر ہائی ریزولوشن کیمرے اور 68 دیگر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو علاقے کی 24 گھنٹے نگرانی کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر سی پی کے کی ٹیم نے ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایس ایس پی ویسٹ اور دیگر پولیس افسران کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔
