کراچی: ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایسٹ کی امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو مؤثر بنانے، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور مذہبی رواداری کو مضبوط کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ شرکاء نے محرم الحرام کے دوران اتحاد، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام تمام فریقین کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے امن کمیٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ معاشرتی ہم آہنگی، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات، مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد سمیت دیگر اہم انتظامی امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پولیس اور امن کمیٹی کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
