Tashakur News

کراچی میں رہائشی عمارت کا حصہ منہدم دو خواتین جاں بحق وزیر بلدیات نے نوٹس لے لیا

کراچی کے علاقے صدر میں غنی مینشن نامی رہائشی عمارت کا ایک حصہ گرنے سے دو خواتین جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد امدادی ادارے، ریسکیو ٹیمیں اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
لامین یامل کو بارسلونا کی تاریخی نمبر 10 شرٹ مل گئی میسی کی وراثت سنبھالنے کا عزم

ایکسپریس نیوز کے مطابق، عمارت کی چھٹی منزل اچانک نیچے گری اور پانچویں منزل پر آ گری، جس کے باعث شدید جانی نقصان ہوا۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق، جاں بحق ہونے والی خواتین میں ایک کی شناخت 45 سالہ حرمت رفیق کے طور پر ہوئی ہے جبکہ دوسری خاتون کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

زخمیوں میں 40 سالہ سکینہ، 18 سالہ حاجرہ اور 22 سالہ جویریہ شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے بتایا کہ حادثہ بلال مسجد پشاوری ہوٹل کے ساتھ واقع چھ منزلہ غنی مینشن میں پیش آیا، جہاں چھٹی منزل پانچویں پر گر گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق خواتین آپس میں بہنیں تھیں، اور زخمیوں میں ان کی بیٹیاں شامل ہیں، جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

حادثے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور مزید متاثرین کی تلاش کے لیے امدادی کام جاری ہے۔

دوسری جانب وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ اور متعلقہ اداروں کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر بلدیات نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ عمارت کی مکمل تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

واقعے نے شہریوں میں گھبراہٹ اور غم و غصے کی فضا پیدا کر دی ہے، جب کہ عمارتوں کی خستہ حالی اور نگرانی کے فقدان پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

Exit mobile version