Site icon Tashakur News

شرجیل میمن کی زیر صدارت اجلاس کراچی میں تمام آن لائن ٹیکسی سروسز ایک نظام کے تحت لانے کا فیصلہ

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کراچی میں آن لائن ٹیکسی سروسز کو منظم اور جدید انداز میں ایک مربوط نظام کے تحت لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور قانونی سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں سی سی آئی کا فیصلہ عدالتی ریکارڈ کا حصہ، نہروں کی تعمیر پر عملدرآمد روکنے کی ہدایت

شرجیل میمن کے ترجمان حسین منصور نے تشکر ڈاٹ کام کو بتایا کہ کریم، ینگو سمیت تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کو ایک مرکزی پلیٹ فارم کے ماتحت لایا جائے گا تاکہ نگرانی، ضابطہ بندی اور تحفظ کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری قاسم نوید قمر، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد زمین، اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی کمال دیو نے شرکت کی۔ اجلاس میں الیکٹرک وہیکل (EV) ٹیکسی سروس کے آغاز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ ای وی ٹیکسی سروس سے نہ صرف کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری آئے گی بلکہ فضائی آلودگی میں بھی کمی واقع ہوگی۔ حکومت ایسی ای وی گاڑیاں آسان اقساط پر عوام کو فراہم کرنے کے مختلف ماڈلز پر بھی غور کر رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے خواتین کے لیے پنک اسکوٹرز کی مفت فراہمی کے منصوبے پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی سفری مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں جون تک پہنچ جائیں گی اور جولائی کے آغاز تک مزید نئی بسوں کی کھیپ متوقع ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹرانسپورٹ کے لیے زیادہ فنڈز مختص کیے جائیں گے تاکہ پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو مزید وسعت دی جا سکے۔

واضح رہے کہ فروری میں سندھ کابینہ نے کراچی کے لیے 50 الیکٹرک بسیں، 15 ڈبل ڈیکر بسیں، اور خواتین کے لیے 1000 پنک الیکٹرک موٹر سائیکلیں خریدنے کی منظوری دی تھی۔

Exit mobile version