چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی اپنا خلائی مشن مکمل کرنے کے بعد آج رات خلائی اسٹیشن تیانگونگ سے زمین کی جانب روانہ ہوں گے۔ ان کے استقبال کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔
ذیشان علی چین کے دو خلابازوں ژانگ ژی یوان اور لی جیا ینگ کے ہمراہ خلائی جہاز میں واپس آئیں گے۔ ان کی واپسی کا عمل رات 9 بجے شروع ہوگا۔ وہ تقریباً رات 2 بجے زمین پر پہنچیں گے۔
سائنسی تجربات مکمل کرلیے
چینی حکام کے مطابق ذیشان علی نے خلا میں اپنے سپرد کیے گئے سائنسی تجربات مکمل کرلیے ہیں۔ پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں داخل ہونے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ وہ تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بھی ہیں۔
شینژو 24 مشن میں شرکت
محمد ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے خلائی جہاز شینژو 24 کے ذریعے خلا میں روانہ ہوئے تھے۔ وہ اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے شریک ہیں۔ انہوں نے مشترکہ سائنسی تحقیق میں بھی حصہ لیا۔

