پاکستانی فوج کا ایک دستہ دفاعی تعاون کے موجودہ معاہدے کے تحت سعودی عرب روانہ ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس تعیناتی کا مقصد سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ ہے۔
راولپنڈی میں الوداعی تقریب
فوجی دستے کی روانگی کے موقع پر راولپنڈی میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر نواف بن سعید المالکی، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور لاہور کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی تقریب میں موجود تھے۔
دفاعی تعاون کے تحت تعیناتی
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تعیناتی پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تزویراتی تعلقات اور برادرانہ شراکت داری کی عکاس ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
بیان میں حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
فوجی دستہ سعودی سرزمین پر باہمی طور پر طے شدہ ذمہ داریوں اور دفاعی تعاون کے موجودہ فریم ورک کے تحت فرائض انجام دے گا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات
آئی ایس پی آر کے مطابق اس تعیناتی سے خطے میں ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔
الوداعی تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تزویراتی تعاون کو بھی اجاگر کیا گیا۔

