مراد علی شاہ نے ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں اہم فیصلے کیے، 16 افسران کی معطلی اور مالک و بلڈر کی گرفتاری کا حکم۔
کراچی میں بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں انہوں نے حادثے پر شدید ناراضگی اور غم و غصے کا اظہار کیا۔
اجلاس میں صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور ضیاءالحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ کسی ایسے واقعے کو برداشت نہیں کریں گے جس میں جانی نقصان ہو یا کسی انسان کو اذیت پہنچے۔
ڈی جی ایس بی سی اے اور دیگر افسران کے خلاف کارروائی
بریفنگ لینے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ سے مشاورت کی۔ اس کے بعد انہوں نے محکمہ بلدیات سے متعلق اہم فیصلے کیے۔
وزیراعلیٰ نے سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔ انہوں نے وسیم شمشاد کو ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے عہدے سے بھی ہٹا دیا۔
وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کو وسیم شمشاد کی فوری معطلی اور انکوائری کی سفارش کی۔
انہوں نے عمارت گرنے کے واقعے کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔ غفلت کے معاملے پر وزیر داخلہ کی مشاورت سے ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی فوری ہٹانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ایس بی سی اے کے متعلقہ 16 افسران کو معطل کرنے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انکوائری کے بعد اگر اتھارٹی کا کوئی ملازم ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔
عمارت کے مالک اور بلڈر کی گرفتاری کا حکم
وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے چیف سیکریٹری کو عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کا حکم دیا۔

