بنگلادیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے کہا ہے کہ 1971 میں بھارت نے بنگالیوں کی مدد نہیں کی بلکہ پاکستان کو کمزور کیا۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15 سال کے دوران بنگلادیش ہمسایہ ملک کی کالونی بن چکا تھا۔ ان کے بقول اس صورتحال میں بنگلادیشی عوام مشکلات کا شکار رہے۔
حسینہ واجد کی واپسی پر جیل جانے کا دعویٰ
حافظ الدین احمد نے کہا کہ حسینہ واجد بنگلادیش واپس آئیں تو انہیں سیدھا جیل جانا ہوگا۔ ان کے مطابق حسینہ واجد نے ایک مسلم دشمن ملک میں پناہ لے رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت حسینہ واجد کو واپس نہیں کرتا تو بنگلادیش بین الاقوامی عدالت انصاف سے رجوع کرے گا۔
اسپیکر کا کہنا تھا کہ حسینہ واجد کی واپسی کے اعلانات صرف اپنے کارکنوں کو مطمئن کرنے کے لیے ہوتے ہیں۔ ان کے خیال میں وہ آئندہ 10 سال تک بنگلادیش واپس نہیں آئیں گی۔
عوامی لیگ پر پابندی زیر غور
حافظ الدین احمد نے دعویٰ کیا کہ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ ایک دہشت گرد جماعت بن چکی ہے۔ بنگلادیشی حکومت اس پر پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگالی عوام جمہوریت پسند ہیں اور کسی قسم کی آمریت برداشت نہیں کرتے۔ ان کے مطابق 1971 میں بھی بنگالیوں نے جمہوریت کا مطالبہ کیا تھا، لیکن انہیں یہ حق نہیں دیا گیا۔
پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات
بنگلادیشی اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش میں پارلیمانی نظام ایک جیسا ہے۔ 1975 میں بنگلادیش میں یک جماعتی نظام نافذ کیا گیا تھا۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بنگلادیش کو خالص جمہوریت نہیں مل سکی۔ ان کے مطابق رواں سال فروری میں ہونے والے انتخابات شفاف تھے۔
حافظ الدین احمد نے مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش کی دوستی مزید مضبوط ہوگی۔
انہوں نے بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے بنگلادیشی امیدوار کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

