Site icon Tashakur News

ایس بی سی اے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور کروڑوں روپے کے گھپلوں کا معاملہ، اینٹی کرپشن حرکت میں آگیا

کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں، سرکاری فنڈز کے غلط استعمال، خریداری کے معاملات میں مشکوک سرگرمیوں اور جعلی کنٹریکٹر بلوں کے ذریعے قومی خزانے کو مبینہ نقصان پہنچانے کا معاملہ سامنے آگیا۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کراچی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس بی سی اے کے متعلقہ افسران کو تحقیقات کے سلسلے میں طلب کرلیا۔

19 نومبر 2026 کو جاری کیے گئے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے مراسلے کے مطابق ایس بی سی اے کے شعبہ ایڈمنسٹریشن اور فنانس اینڈ اکاؤنٹس میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور کرپشن سے متعلق شکایت پر انکوائری جاری ہے۔

مراسلے میں ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر عدنان شاہ بخاری، ڈائریکٹر ایڈمن کامران کورائی اور دیگر متعلقہ افراد کے حوالے سے مالی معاملات، غیر مجاز منظوریوں، جعلی بلوں اور خریداری کے طریقہ کار میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزامات کا ذکر کیا گیا ہے۔

کروڑوں روپے کے مبینہ مالی معاملات کی چھان بین

اینٹی کرپشن کے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ابتدائی کارروائی کے دوران ایسے مالی معاملات اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی ہے جن میں لاکھوں اور کروڑوں روپے کے سرکاری فنڈز کے استعمال پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ معاملے کی مکمل جانچ کے لیے متعلقہ افسران سے تفصیلی ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

تین روز میں پیش ہونے کی ہدایت

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر ایڈمن اور ڈائریکٹر فنانس اینڈ اکاؤنٹس کو ہدایت کی ہے کہ مراسلہ موصول ہونے کے تین ورکنگ دن کے اندر متعلقہ ریکارڈ اور تصدیق شدہ دستاویزات کے ہمراہ پیش ہوں، جہاں ان کے بیانات بھی قلم بند کیے جائیں گے۔

کون سا ریکارڈ طلب کیا گیا؟

اینٹی کرپشن نے جن اہم دستاویزات اور ریکارڈ کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ان میں:

* کولڈ واٹر کولرز، الیکٹرک کیبلز، فائر ایکسٹنگوشرز اور سولر سسٹم کی خریداری کا مکمل ریکارڈ۔
* پروکیورمنٹ فائلیں، این آئی ٹی اور ٹینڈر دستاویزات بمعہ تمام ضمیمے۔
* پروکیورمنٹ کمیٹی کے اجلاسوں کی کارروائی اور منٹس۔
* متعلقہ فرموں اور ٹھیکیداروں کے معاہدے، وینڈر و سپلائر رجسٹریشن دستاویزات۔
* سپلائی آرڈرز، ڈیلیوری چالان اور اسٹاک و انوینٹری رجسٹر۔
* خریداری کے سامان کی مارکیٹ ریٹ کے مطابق قیمتوں کے تجزیاتی رپورٹس۔
* جنریٹرز کے کرایے کے معاہدے، فیول استعمال کے لاگ بکس اور ماہانہ ادائیگیوں کا ریکارڈ۔
* سولر سسٹم کی تنصیب سے متعلق تکنیکی رپورٹس، تکمیل کے سرٹیفکیٹس اور وارنٹی دستاویزات۔
* گزشتہ تین سال کے دوران متعلقہ افسران کی تعیناتیوں کی تفصیلات۔
* مجاز اتھارٹی کی منظوری سے استعمال ہونے والے فنڈز کا مکمل حساب۔
* ادائیگیوں کے واؤچرز، کراس چیکس اور ڈسبرسمنٹ ریکارڈ۔

ایس بی سی اے میں احتساب کا امتحان؟

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے انتہائی اہم قرار دیے گئے اس مراسلے نے ایس بی سی اے کے انتظامی اور مالیاتی نظام پر کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ متعلقہ افسران مطلوبہ ریکارڈ پیش کرتے ہیں یا نہیں اور مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات میں مزید کون سے حقائق سامنے آتے ہیں۔

تاحال مراسلے میں درج الزامات کی حتمی تصدیق یا کسی افسر کے خلاف جرم ثابت ہونے کی تفصیلات موجود نہیں ہیں۔ متعلقہ افسران کا مؤقف بھی سامنے آنا باقی ہے۔

سوال یہ ہے کہ سرکاری خزانے کے معاملات میں مبینہ بے ضابطگیوں کا ذمہ دار کون ہے اور ایس بی سی اے میں مالی شفافیت یقینی بنانے کے لیے عملی کارروائی کب ہوگی؟

Exit mobile version