ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) ڈاکٹر وسیم شمشاد نے شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات، غیر مجاز پورشنز اور اضافی منزلیں فوری مسمار کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
انہوں نے کراچی کے تمام 25 ٹاؤنز میں ایسی تعمیرات کی فہرستیں فوری تیار کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔
ڈی جی ایس بی سی اے نے واضح کیا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث پائے جانے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔
خطرناک عمارتوں اور گل پلازہ آپریشن کا روزانہ جائزہ
منگل کو ڈاکٹر وسیم شمشاد کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، 25 ٹاؤنز کے ڈائریکٹرز اور مختلف شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی تعمیرات، خطرناک عمارتوں اور گل پلازہ کے انہدامی آپریشن کی پیش رفت کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے تمام کاروباری دنوں میں کانفرنس روم میں اجلاس منعقد ہوگا۔ اعلامیے کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، ٹاؤن ڈائریکٹرز اور سیکشن ہیڈز کی شرکت لازمی ہوگی۔
ٹاؤن ڈائریکٹرز، ڈائریکٹر ویجیلنس، ڈائریکٹر ڈیمولیشن اور ڈائریکٹر اسٹرکچر کو تازہ ترین پیش رفت اور کارکردگی رپورٹس کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔
چالانوں کی ڈیجیٹائزیشن اور عوامی شکایات کا ازالہ
اجلاس میں گل پلازہ سمیت شہر بھر میں جاری انہدامی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
حکام نے مختلف چالانوں کی ڈیجیٹائزیشن کے لیے مرتب کردہ روڈ میپ پر بھی غور کیا۔ ایس سی آر ایم (SCRM) پورٹل پر موصول ہونے والی عوامی شکایات فوری حل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے ساتھ رابطہ کاری اور ورکنگ ریلیشن شپ مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
ڈی جی ایس بی سی اے نے ان اقدامات اور ادارے کی کارکردگی کی مؤثر میڈیا کوریج یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

