کراچی: پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
رینجرز کے مطابق ملزمان کا تعلق ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث کارواں گروہ سے ہے۔ انہیں بلال کالونی، کورنگی سے گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان میں گروہ کا سرغنہ عبدالرحمن، جاوید عرف جاوید بلوچ، آصف خان عرف بابا اور لائق خان شامل ہیں۔
اسلحہ اور چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو بغیر لائسنس پستول اور ایمونیشن برآمد ہوا۔ کارروائی میں ایک چوری شدہ موٹرسائیکل، چار موبائل فونز اور نقدی بھی ملی۔
رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ کورنگی اور ملحقہ علاقوں میں وارداتیں کرتے تھے۔ وہ اسلحے کے زور پر شہریوں سے موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی چھینتے تھے۔
300 سے زائد موٹرسائیکلیں چھیننے کا انکشاف
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا۔
رینجرز کے مطابق ملزمان نے 300 سے زائد موٹرسائیکلیں، 1,200 سے زائد موبائل فونز اور 90 لاکھ روپے سے زائد رقم چھیننے کا اعتراف کیا۔
ملزمان چھینی گئی موٹرسائیکلیں وارداتوں میں استعمال کرتے تھے۔ بعد ازاں ان کے پرزے نکال کر فروخت کردیتے تھے۔
رینجرز کے مطابق ملزم عبدالرحمن کے خلاف تھانہ زمان ٹاؤن میں ایف آئی آر بھی درج ہے۔
مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے
ترجمان نے بتایا کہ گروہ کے چار ساتھی پہلے ہی رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیں۔ انہیں پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔
باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو اسلحے، ایمونیشن اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
شہریوں سے اطلاع دینے کی اپیل
پاکستان رینجرز سندھ نے شہریوں سے جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔
شہری قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کرسکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والے شہری کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

