کراچی کے علاقے پاپوش نگر میں پولیس نے مبینہ اسٹریٹ کرمنل کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقابلہ پاپوش نگر قبرستان کے قریب مزار امجد صابری کے مقام پر ہوا۔ اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ اس کی شناخت شعیب حسین ولد عرفان حسین کے نام سے ہوئی ہے۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور دو گولیاں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے ترجمان کے مطابق ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ مزید تفصیلات حاصل کرنے کے ساتھ قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔

