محکمہ نارکوٹکس کنٹرول روہڑی سرکل نے خفیہ اطلاع پر ٹول پلازہ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق خاتون سے 4 ہزار گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد ہوئی۔
محکمہ نارکوٹکس کنٹرول کے مطابق گرفتار خاتون مسافر وین میں سوار تھی۔ کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے منشیات برآمد کی گئیں۔
گرفتار خاتون سندھ پولیس کی اہلکار نکلی
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار خاتون خیرپور کی رہائشی ہے۔ وہ سندھ پولیس میں لیڈی کانسٹیبل بھی ہے۔
محکمہ نارکوٹکس کنٹرول کے مطابق ملزمہ نے منشیات سپلائی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
حکام نے گرفتار خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ملزمہ سے مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ تفصیلات محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ کے افسر تعلقات عامہ شبیر علی بابر نے جاری کیں۔

