بارھویں وائس ایڈمرل ایچ ایم ایس چوہدری امیچرز گالف کپ 2026 کی میڈیا بریف لاہور میں منعقد ہوئی۔ ٹورنامنٹ 19 سے 22 نومبر تک ڈیفنس رایا گالف اینڈ کنٹری کلب میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں منعقدہ بریفنگ میں کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے مقابلوں کی تفصیلات بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ گالف کپ اسی عزم کا حصہ ہے۔
ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی کے مطابق پاک بحریہ 2011 سے لاہور میں گالف چیمپئن شپ منعقد کر رہی ہے۔ انہوں نے گزشتہ مقابلوں میں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس سال بھی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے ہوں گے۔
گالف کپ کی تین کیٹیگریز
ٹورنامنٹ میں امیچورز، سینئرز اور خواتین گالفرز تین کیٹیگریز میں حصہ لیں گے۔
امیچورز کیٹیگری میں 10 یا اس سے کم ہینڈی کیپ والے کھلاڑی شامل ہوں گے۔ یہ کھلاڑی روزانہ 18 ہولز کھیلیں گے۔ تین دن میں مجموعی طور پر 54 ہولز مکمل کیے جائیں گے۔
خواتین کیٹیگری میں 24 یا اس سے کم ہینڈی کیپ والی گالفرز حصہ لیں گی۔ ان کے مقابلے 18 ہولز پر مشتمل ہوں گے۔
سینئر امیچورز کیٹیگری میں 14 یا اس سے کم ہینڈی کیپ والے کھلاڑی شامل ہوں گے۔ ان کے مقابلے دو روز جاری رہیں گے، جن میں وہ مجموعی طور پر 36 ہولز کھیلیں گے۔

