گزری پولیس نے 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی اطلاع کی تحقیقات کرتے ہوئے مبینہ طور پر واردات کا ڈرامہ رچانے والے اکاؤنٹنٹ کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے 3 کروڑ 9 لاکھ 76 ہزار 600 روپے برآمد کرلیے گئے ہیں۔
ہیلپ لائن 15 پر ڈکیتی کی اطلاع
ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق 12 نومبر 2026 کو حنیف نامی شخص نے ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی۔
اس نے بتایا کہ سلطان مسجد کے قریب بحریہ کے علاقے میں دو مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان اس سے 3 کروڑ 75 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی گزری پولیس موقع پر پہنچی اور واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔
مدعی کے بیان میں تضادات سامنے آگئے
ابتدائی تفتیش کے دوران مدعی حنیف کے بیان میں متعدد تضادات سامنے آئے۔ وہ ایک غیر ملکی خاتون کے ہاں اکاؤنٹنٹ کے طور پر کام کرتا تھا۔
تحقیقات کے مطابق حنیف نے ایچ بی ایل پلازہ سے رقم نکلوائی تھی۔ اس کے بعد وہ خاتون کی جانب سے ادائیگی کرنے فیز 7 ایکسٹینشن جا رہا تھا۔
دوسری جانب غیر ملکی خاتون نے بھی اکاؤنٹنٹ کے طرزِ عمل پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔ اس پر پولیس نے حنیف کو مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا۔
بینک ریکارڈ سے اصل رقم کا پتا چلا
پولیس کے مطابق بینک ریکارڈ کی تصدیق سے معلوم ہوا کہ نکلوائی گئی اصل رقم 30,976,600 روپے تھی۔
مسلسل پوچھ گچھ کے دوران اکاؤنٹنٹ نے مبینہ طور پر ساتھیوں کے ساتھ مل کر رقم ہتھیانے کے لیے ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے کا اعتراف کیا۔
ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس کے ایک ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ساتھی کے گھر سے رقم بھی برآمد کرلی۔
گزری پولیس نے واقعے کے چند گھنٹوں کے اندر دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے رقم برآمد کرلی۔
مقدمہ درج، مزید تفتیش جاری
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ گزری میں مقدمہ نمبر 538/2026 درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 397، 392 اور 114 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس، ایس ایس پی مہزور علی کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

