کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے میر رضا کے دوست اور کاروباری پارٹنر احمد بھردے کا ذاتی پستول برآمد کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی کارروائی کے دوران احمد بھردے کے ریسٹورنٹ کی نارتھ ناظم آباد برانچ سیل کردی گئی۔ حکام نے برانچ کا ریکارڈ بھی ضبط کرلیا ہے۔
پستول فارنزک کے لیے بھجوا دیا گیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوڈ چین کی برانچ نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں واقع ہے۔ وہاں سے احمد بھردے کا لائسنس یافتہ ذاتی پستول برآمد ہوا۔
جے آئی ٹی نے پستول کو فارنزک معائنے کے لیے بھجوا دیا ہے۔ برانچ کو سربمہر کرنے کے بعد وہاں سیکیورٹی بھی تعینات کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جے آئی ٹی تیزی سے کام کر رہی ہے۔
ڈی آئی جی عرفان بلوچ کی سربراہی میں جے آئی ٹی قائم
میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کی سفارش پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم قائم کی گئی تھی۔
جے آئی ٹی کی سربراہی ڈی آئی جی عرفان بلوچ کر رہے ہیں۔ ٹیم میں انٹیلیجنس بیورو اور سندھ رینجرز کے سپرنٹنڈنٹ شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا حصہ ہیں۔

