Site icon Tashakur News

سندھ پولیس کے شکایتی سیل کو 10 ماہ میں 28 ہزار سے زائد شکایات موصول

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت سندھ پولیس کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز، آئی جی پی شکایتی سیل، میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز، آپریشنز، ایڈمن اور ڈائریکٹر پریس برائے آئی جی سندھ نے شرکت کی۔

اجلاس میں اے آئی جی آئی جی پی کمپلینٹ سیل اور ایس ایس پی میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز سید علی رضا نے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے شکایات کی وصولی، ازالے، میڈیا پالیسی پر عملدرآمد اور سوشل میڈیا پر پولیس افسران و اہلکاروں کی سرگرمیوں کی نگرانی سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں میڈیا انٹرایکشن پالیسی، پروڈکشن ہاؤسز سے تعاون اور دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔

10 ماہ میں شکایات کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کرگئی

سید علی رضا کے مطابق شہریوں کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے آئی جی پی کمپلینٹ سیل سے رجوع کرنے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ سال شکایتی سیل کو 17 ہزار 500 شکایات موصول ہوئی تھیں۔ رواں سال کے ابتدائی 10 ماہ میں یہ تعداد بڑھ کر 28 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال موصول ہونے والی مجموعی شکایات میں سے 85 فیصد نمٹا دی گئی ہیں۔

ان کے مطابق شکایات میں اضافہ عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور سیل سے رجوع کرنے کے رجحان کو ظاہر کرتا ہے۔

عوامی شکایات کے شفاف اور مؤثر ازالے کے لیے 350 سے زائد شکایات پر اعلیٰ افسران سے انکوائریاں بھی کرائی گئی ہیں۔

میڈیا مینجمنٹ اور عوامی رابطوں پر بریفنگ

ڈائریکٹر پریس و افسر تعلقات عامہ برائے آئی جی سندھ سید سعد علی نے میڈیا مینجمنٹ اور محکمانہ تشہیری حکمت عملی پر اجلاس کو بریفنگ دی۔

انہوں نے میڈیا کو بروقت، مستند اور جامع معلومات فراہم کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اہم واقعات اور پولیس آپریشنز کی فوری معلومات، پریس ہینڈ آؤٹس، نیوز ٹکرز اور میڈیا بریفنگز کی تیاری بھی زیر بحث آئی۔

بریفنگ میں سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال، منفی اور گمراہ کن خبروں کی تردید اور محکمانہ مؤقف کی ترجمانی سے متعلق اقدامات بھی شامل تھے۔

اس کے علاوہ میڈیا رپورٹس پر متعلقہ افسران سے رابطہ کاری، اہم واقعات کی میڈیا مانیٹرنگ اور سندھ پولیس کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے امور پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

آئی جی سندھ کی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ اور انہیں ریلیف فراہم کرنا سندھ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ آئی جی پی کمپلینٹ سیل میں موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے۔ ان کی منطقی انجام تک پیروی بھی یقینی بنائی جائے۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ شکایات کے ازالے میں غیر ضروری تاخیر یا غفلت کرنے والے افسران کا تعین کیا جائے۔ عوامی شکایات کے نظام کو مزید فعال، شفاف اور مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے شہریوں کو شکایت کے اندراج سے حل تک معاونت فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔

میڈیا کے ساتھ روابط بہتر بنانے کی ہدایت

آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس کی کارکردگی اور عوامی خدمات کو میڈیا کے ذریعے مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔

انہوں نے میڈیا کے ساتھ پیشہ ورانہ روابط اور معلومات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

جاوید عالم اوڈھو کے مطابق پولیس کے اقدامات، کامیابیوں اور عوامی خدمات سے متعلق مستند معلومات میڈیا تک پہنچانے کا نظام بہتر بنایا جائے۔

انہوں نے پولیس کے مثبت تشخص، عوامی اعتماد اور ادارہ جاتی ساکھ کے فروغ کے لیے مربوط میڈیا حکمت عملی اپنانے پر بھی زور دیا۔

آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ کمپلینٹ سیل اور میڈیا مینجمنٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے جامع اور نتیجہ خیز حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں۔

Exit mobile version