کراچی کی سٹی کورٹ نے اورنگی ٹاؤن میں دو ایکڑ سے زائد اراضی پر مبینہ قبضے اور غیر قانونی تجارتی لیز جاری کرنے کے معاملے پر اہم سماعت کی۔
سینیئر سول جج غربی کی عدالت نے حکومت سندھ، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی)، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔ عدالت نے تمام فریقین سے 23 نومبر تک جواب طلب کرلیا۔
پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کا مؤقف
پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے اپنے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مذکورہ پلاٹ 1968 میں فلاحی مقاصد کے لیے 99 سالہ لیز پر الاٹ ہوا تھا۔ لیز کی دستاویز 1980 میں رجسٹرڈ ہوئی۔
درخواست گزار کے مطابق 2011 میں دستاویز کی غلطی درست کی گئی۔ اس موقع پر کے ایم سی نے خود لیز کی مدت 99 سال کردی تھی۔
وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق پلاٹ پر کئی دہائیوں سے ڈسپنسری، ویکسینیشن سینٹر، جنرل وارڈ اور ہنگامی امدادی سامان کا گودام قائم ہے۔ یہاں غریب اور مستحق افراد کو طبی اور فلاحی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔
100 دکانیں تعمیر کرنے اور تجارتی لیز جاری کرنے کا الزام
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ قبضہ مافیا نے مذکورہ اراضی پر مبینہ طور پر 94 سے 100 دکانیں تعمیر کرلی ہیں۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمے کو بھی اس معاملے میں پشت پناہی حاصل رہی۔
درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ کے ایم سی حکام نے فلاحی مقاصد کے لیے لیز شدہ پلاٹ کے بعض حصوں کی تجارتی لیز مختلف افراد کے نام جاری کردی۔
درخواست گزار کی عدالت سے استدعا
پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اس کے نام جاری 99 سالہ لیز کو قانونی قرار دیا جائے۔ کے ایم سی کے متنازع خط اور اشتہار کو بھی غیر قانونی قرار دے کر منسوخ کیا جائے۔
درخواست میں مبینہ قبضہ مافیا کے نام جاری تجارتی لیزیں منسوخ کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار نے متعلقہ حکام کو پلاٹ کی حیثیت تبدیل کرنے یا کسی تیسرے فریق کے حقوق پیدا کرنے سے روکنے کی درخواست بھی کی ہے۔
سوسائٹی نے مقدمے کے حتمی فیصلے تک عبوری حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 نومبر تک جواب طلب کرلیا۔

