خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائی کے لیے جانے والی پولیس ٹیم پر فائرنگ سے 11 اہلکار شہید اور 12 زخمی ہوگئے۔
ترجمان کوہاٹ پولیس کے مطابق پولیس پارٹی پر حملہ کوہاٹ اور کرک کے درمیان واقع علاقے دربوکچ جلندھر بانڈہ میں کیا گیا۔ پولیس کی مزید گاڑیاں جائے وقوعہ کی طرف روانہ کردی گئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ جاری ہے۔ پولیس کی بھاری نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔
ڈی ایس پی گمبٹ اور سب انسپکٹر مختیار شہید
پولیس حکام کے مطابق شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار بھی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ٹیم غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف چھاپہ مارنے گئی تھی۔ حملے کے دوران پولیس کی گاڑیوں کو بھی آگ لگائی گئی۔
واقعے کے بعد ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حملے میں مجموعی طور پر 11 پولیس اہلکار شہید اور 12 زخمی ہوئے۔
گورنر خیبر پختونخوا کی مذمت، رپورٹ طلب
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے شہادتوں پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ گورنر نے کہا کہ پولیس ٹیم پر فائرنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔
شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کی پولیس سروس کا سفر
شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کا تعلق لوئر دیر کے علاقے تالاش سے تھا۔ ان کے پسماندگان میں ضعیف العمر والدہ، بیوہ، چار بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔
ان کی تین بیٹیوں کی شادی ہوچکی ہے۔ ایک بیٹا سعودی عرب میں مزدوری کرتا ہے، جبکہ دوسرا زیر تعلیم ہے۔
حیدر زمان نے 1987ء میں بطور سپاہی محکمہ پولیس میں شمولیت اختیار کی۔ محنت اور پیشہ ورانہ خدمات کے بعد 2009ء میں سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پائی۔
وہ لوئر دیر کے مختلف تھانوں، بشمول اسبنڑ اور ثمرباغ، میں ایس ایچ او تعینات رہے۔ انہوں نے دیر، ایبٹ آباد اور ہری پور میں پولیس ایلیٹ فورس کے کمانڈر کے فرائض بھی انجام دیے۔
خصوصی کورس مکمل کرنے کے بعد انہیں کوہاٹ میں ڈی ایس پی درہ آدم خیل اور ڈی ایس پی کوہاٹ سٹی تعینات کیا گیا۔
حیدر زمان گزشتہ روز کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق حملہ آوروں نے ان کے قافلے کو چاروں طرف سے گھیر کر فائرنگ کی۔

