بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو رات گئے اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔ وہاں ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا۔ چیک اپ کے بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کو سخت سیکیورٹی میں اسپتال لے جایا گیا۔ پمز انتظامیہ نے بتایا کہ انہیں رات ڈیڑھ بجے اسپتال پہنچایا گیا۔ وہ وہاں 40 سے 50 منٹ تک موجود رہے۔
عمران خان کے دل کا معائنہ اور مختلف ٹیسٹ
پمز انتظامیہ کے مطابق میڈیکل اسپیشلسٹ نے عمران خان کے دل کا معائنہ کیا۔ اسپتال میں ان کے مختلف طبی ٹیسٹ بھی کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی آنکھ میں ساتواں انجکشن بھی لگایا گیا۔ طبی صورتحال تسلی بخش قرار دیے جانے کے بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
عمران خان کی آمد و رفت کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔
چشمہ فائیو پاکستان کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر ہوگا، وزیراعظم
آج سہ پہر وکلا سے ملاقات طے
دوسری جانب عمران خان اور ان کے وکلا کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کا وقت طے ہوگیا ہے۔ ملاقات آج سہ پہر 3 بجے ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل نوید ملک اور وکلا کے درمیان ملاقات کے وقت پر اتفاق ہوگیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر ایڈووکیٹ جنرل نوید ملک ملاقات کرائیں گے۔
ملاقات کرنے والے وکلا میں لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر شامل ہوں گے۔ انتظامات اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق کیے جائیں گے۔

