کراچی کی انسداد منشیات عدالت میں ملزمہ انمول عرف پنکی اور دیگر کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام نے انمول پنکی کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ جمع کرائی۔ رپورٹ کے مطابق ملزمہ نسیم بی بی کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکیں۔
عدالت نے نسیم بی بی کو مفرور قرار دیتے ہوئے اسے اور جاوید کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے دونوں ملزمان سے متعلق اشتہارات شائع کرانے کا حکم بھی دیا۔
انمول پنکی پر فرد جرم کی تیاری
عدالت نے انمول پنکی کو مقدمے کی نقول فراہم کرنے کے لیے 24 نومبر کی تاریخ مقرر کردی۔
عدالت کے مطابق مقدمے کی نقول فراہم کرنے کے بعد ملزمہ پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
اثاثے ضبط کرنے کی درخواست پر دلائل طلب
عدالت نے آئندہ سماعت پر انمول عرف پنکی کے اثاثے ضبط کرنے کی درخواست پر بھی دلائل طلب کرلیے۔
واضح رہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مبینہ جرائم سے حاصل ہونے والے اثاثے ضبط کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

