Site icon Tashakur News

کراچی اربوں روپے کماتا ہے، وفاق سے بدلے میں کیا ملتا ہے؟ مرتضیٰ وہاب

Karachi Mayor Murtaza Wahab speaks to industrialists during an infrastructure project inauguration ceremony in North Karachi

Karachi Mayor Murtaza Wahab addresses industrialists at an infrastructure project inauguration in North Karachi

کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی ملک کے لیے آمدنی اور ڈالرز کماتا ہے، لیکن وفاق سے شہر کو بدلے میں کیا ملتا ہے؟

نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا میں انفرااسٹرکچر کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کی اونرشپ سب کو لینا ہوگی۔ کراچی چلتا ہے تو ملک چلتا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بڑی قربانیوں کے بعد خوف کا شکار کراچی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اب سندھ حکومت اپنے تاجروں اور صنعت کاروں کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔

کراچی میں ماضی جیسی ہڑتالیں نہیں چاہتے

میئر کراچی نے کہا کہ انہیں 1990 کی دہائی والا کراچی نہیں چاہیے، جہاں ہر دوسرے روز ہڑتال ہوتی تھی۔ ان کے بقول کچھ عناصر دوبارہ کراچی کی تقسیم کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں یہ منفرد مثال قائم ہوئی ہے کہ صنعتی تنظیموں کو گرانٹ دی گئی اور انہیں خود اخراجات کرنے کا اختیار دیا گیا۔

سندھ کے صنعت کاروں کو گیس نہ ملنے کا شکوہ

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت جس صوبے سے گیس نکلتی ہے، اس کا پہلا حق ہوتا ہے۔ اس کے باوجود سندھ کے صنعت کاروں کو گیس نہیں مل رہی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کی گیس پنجاب منتقل کی جا رہی ہے، جبکہ یہاں کے صنعت کاروں کو مہنگی آر ایل این جی فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا میں آرٹیکل 158 پر عمل کیا جا رہا ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ صنعت کار اس معاملے پر احتجاج کرنے سے بھی گھبراتے ہیں، کیونکہ انہیں ایف بی آر کے نوٹسز ملنے کا خدشہ ہوتا ہے۔

گل پلازہ کی دوبارہ تعمیر کا عزم

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت گل پلازہ دوبارہ تعمیر کرکے دے گی۔ انہوں نے صنعت کاروں سے اپیل کی کہ کراچی کے مسائل پر آواز اٹھاتے وقت حکومت کا ساتھ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نظام کو بہتر بنانے کے لیے پہلے اپنی سوچ تبدیل کرنا ہوگی۔ اس کے ساتھ سرکاری نظام کو آسان بنانا بھی ضروری ہے۔

Exit mobile version